زین الدین

بزکشی، ایک دلچسپ کھیل

مصنف : zainzf :: بتاریخ 24 Dec 2008

بزکشی جری اور سخت جان قبائل کا انتہائی خطرناک مگر دلچسپ کھیل ہے ۔ طاقت اور زور آزمائی اس کھیل کا لوازمہ ہے ۔ یہ کھیل اب پاکستان میں بھی کھیلا جاتا ہے ۔

گزشتہ دنوں‌پاکستان بزکشی فیڈریشن کے زیر اہتمام کوئٹہ میں بزکشی کے تین روزہ مقابلے ہوئے ۔ جسے دیکھنے کا موقع ملا ۔صوبائی دار الحکومت کوئٹہ کے مضافاتی علاقے کچلاک میں منعقدہ بزکشی کے مقابلوں میں‌کئی ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ فائنل مقابلہ کوئٹہ اور کچلاک کی ٹیموں کے درمیان ہوا ۔

بزکشی افغانستان کا قومی کھیل ہے تاہم اس کھیل کی ابتداء چنگیز خان کے دور میں ہوئی جس کا مقصد سپاہیوں کو میدان جنگ میں ہر طرح کے شدید حالات کے لیے تیار رکھنا تھا ۔ یہ کھیل وسطی ایشیاء کے کئی ممالک میں اب تک بے حد مقبول ہے ۔ افغان مہاجرین کی پاکستان آمد کے بعد بزکشی نے یہاں بھی رواج پالیا ہے ۔

YouTube Preview Image
ہندوستانی فلم خدا گواہ میں‌ بزکشی کے کھیل کا ایک منظر

بزکشی کی تاریخ کئی صدیوں پر محیط ہے ۔ زمان و مکان کے لحاظ سے اس میں تبدیلیاں واقع ہوتی رہی ہیں ۔یہ کھیل اب ایک حد کے اندر کھیلا جاتا ہے ۔ میدان کے ایک سرے پر ایک گول دائرہ کھینچا جاتا ہے جس کے بیچ میں ایک ذبح شدہ بکری رکھ کر کھلاڑی جسے بزکشی کی اصطلاع میں ’’پہلوان ‘‘کہا جاتا ہے ، زورِ بازو سے اٹھاتا ہے اور میدان کے دوسرے سرے میں متعین نشان گھوم کر دوبارہ اس دائرے میں پھینکنے کی کوشش کرتا ہے اس دوران کھلاڑی کو سخت کشمکش کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بکری دائرے میں پھینکنے کے عمل کو ’’حلال ‘‘کہا جاتا ہے جو کہ ایک پوائنٹ کے برابر ہوتا ہے ۔

YouTube Preview Image

گول کرنے والا کھلاڑی جب بکری ’’حلال ‘‘ کرتا ہے تو داد و تحسین کے لیے شائقین کا رخ کرتا ہے ۔ شائقین اِ نہیں نقد رقم دیتے ہیں ۔ یہی دراصل اِن کا انعام ہوتا ہے ۔اس کھیل میں کھلاڑیوں کو چوٹ آنا معمول کی بات ہے بلکہ جان کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے ۔قوتِ بازو اور مہارت اس کھیل میں شرط ِ اول ہے ۔

یہ کھیل گزشتہ پچیس سالوں سے کوئٹہ میں کھیلا جارہا ہے مگر بد قسمتی سے حکومتی سطح پر خاطرِ خواہ پذیرائی نہیں کی گئی ہیں۔فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت بزکشی کے مقابلے منعقد کرتی ہیں۔

زمرہ : کھیل | 4 تبصرے »